نمازِ جنازہ کا مکمل طریقہ اور اس کے احکام
نمازِ جنازہ کا مکمل طریقہ اور اس کے احکام
نمازِ جنازہ فرضِ کفایہ ہے۔ اگر بعض لوگوں نے ادا کر لی تو سب سے فرض ساقط ہو جائے گا، لیکن اگر کسی نے بھی نہ پڑھی تو سب گنہگار ہوں گے۔
نیت اور امام کی جگہ
امام میت کے سینے کے مقابل کھڑا ہو۔ اگر میت بالغ ہے تو اس کی دعائے مغفرت کا ارادہ کرے، اور اگر نابالغ ہے تو اسے اپنا فرط، اَجر، ذخیرہ اور شفاعت کرنے والا بنانے کا ارادہ کرے۔
نیت دل کے ارادے کا نام ہے۔ زبان سے نیت کے الفاظ کہنا نہ نبی ﷺ سے ثابت ہے، نہ صحابہ و ائمہ کرام سے۔ اس لیے دل میں یہ نیت کافی ہے:
"اللہ تعالیٰ کی رضا کے لیے فلاں میت کی نمازِ جنازہ ادا کر رہا ہوں، امام کی اقتدا میں۔"
نمازِ جنازہ کا طریقہ
1️⃣ صف بندی:
امام میت کے سینے کے برابر کھڑا ہو۔ حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ایک عورت کی نمازِ جنازہ پڑھائی اور درمیان میں کھڑے ہوئے۔ (صحیح بخاری 2/89)
افضل یہ ہے کہ تین صفیں ضرور بنائی جائیں۔
رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: “جس مسلمان پر تین صفیں نمازِ جنازہ پڑھیں، اللہ اس کی مغفرت فرما دیتا ہے۔”
(السنن الکبریٰ للبیہقی، 4/48)
تکبیریں اور قراءت
پہلی تکبیر
رفع یدین (ہاتھ کانوں تک اٹھانا) کے ساتھ "اللہ اکبر" کہہ کر ہاتھ باندھ لیں۔
پھر ثناء پڑھیں:
سُبْحَانَکَ اللّٰهُمَّ وَبِحَمْدِکَ، وَتَبَارَکَ اسْمُکَ وَتَعَالٰی جَدُّکَ، وَجَلَّ ثَنَاءُکَ وَلَا إِلٰهَ غَيْرُکَ۔
دوسری تکبیر
بغیر ہاتھ اٹھائے "اللہ اکبر" کہہ کر درودِ ابراہیمی پڑھیں:
اَللّٰهُمَّ صَلِّ عَلٰی مُحَمَّدٍ وَّعَلٰی آلِ مُحَمَّدٍ، کَمَا صَلَّيْتَ وَسَلَّمْتَ وَبَارَکْتَ وَرَحِمْتَ وَتَرَحَّمْتَ عَلَی إِبْرَاهِيْمَ وَعَلَی آلِ إِبْرَاهِيْمَ، إِنَّکَ حَمِيْدٌ مَّجِيْدٌ۔
تیسری تکبیر
بغیر ہاتھ اٹھائے "اللہ اکبر" کہہ کر میت کے لیے دعائے مغفرت کریں۔
بالغ مرد یا عورت کے لیے دعا:
اَللّٰهُمَّ اغْفِرْ لِحَيِّنَا وَمَيِّتِنَا، وَشَاهِدِنَا وَغَائِبِنَا، وَصَغِيْرِنَا وَکَبِيْرِنَا، وَذَکَرِنَا وَاُنْثَانَا۔ اَللّٰهُمَّ مَنْ اَحْيَيْتَهُ مِنَّا فَاَحْيِهِ عَلَی الْاِسْلَامِ، وَمَنْ تَوَفَّيْتَهُ مِنَّا فَتَوَفَّهُ عَلَی الْاِيمَانِ۔
(فتاویٰ عالمگیری 1:164)
ترجمہ:
یا اللہ! ہمارے زندوں اور مردوں کو بخش دے، حاضر و غائب، چھوٹے بڑے، مرد و عورت سب کو۔ یا اللہ! جسے زندہ رکھ تو اسے اسلام پر زندہ رکھ، اور جسے موت دے تو ایمان پر موت دے۔
نابالغ لڑکے کے لیے دعا
اَللّٰهُمَّ اجْعَلْهُ لَنَا فَرَطاً، وَاجْعَلْهُ لَنَا أَجْرًا وَذُخْرًا، وَاجْعَلْهُ لَنَا شَافِعًا وَمُشَفَّعًا۔
(فتاویٰ عالمگیری 1:164)
ترجمہ:
اے اللہ! اس بچے کو ہمارے لیے آگے بھیجنے والا، اجر و ذخیرہ، اور شفاعت کرنے والا بنا۔
نابالغ لڑکی کے لیے دعا
اَللّٰهُمَّ اجْعَلْهَا لَنَا فَرَطاً، وَاجْعَلْهَا لَنَا أَجْرًا وَذُخْرًا، وَاجْعَلْهَا لَنَا شَافِعَةً وَمُشَفَّعَةً۔
ترجمہ:
اے اللہ! اس بچی کو ہمارے لیے آگے بھیجنے والی، اجر و ذخیرہ، اور شفاعت کرنے والی بنا۔
اگر کوئی دعا یاد نہ ہو
اَللّٰهُمَّ اغْفِرْ لَنَا وَلِوَالِدَيْنَا وَلِلْمُؤْمِنِيْنَ وَالْمُؤْمِنَاتِ۔
ترجمہ: اے اللہ! ہمیں، ہمارے والدین کو اور تمام مومن مردوں و عورتوں کو بخش دے۔
اگر یہ بھی یاد نہ ہو تو جو دعا یاد ہو، وہی پڑھ لینا کافی ہے۔
چوتھی تکبیر
بغیر ہاتھ اٹھائے "اللہ اکبر" کہے اور پھر دائیں بائیں سلام پھیر دے:
اَلسَّلَامُ عَلَيْکُمْ وَرَحْمَةُ اﷲِ
اَلسَّلَامُ عَلَيْکُمْ وَرَحْمَةُ اﷲِ
سوشل میڈیا اور دین نوجوانوں کی رہنمائی جدید دور میں پڑھنے کیلئے یہاں کلک کریں
فقہی ماخذ
الدر المختار وحاشیہ ابن عابدین (رد المحتار) 1/423
فتاویٰ عالمگیری 1/164
صحیح بخاری 2/89
السنن الکبریٰ للبیہقی 4/48
Content by Wisdom Afkar


0 تبصرے